
آکٹوپس یا ہَشت پا ایک انتہائی ذہین آبی جانور ہے ۔
یہ نا صرف گرگٹ کی طرح اپنا رنگ بدل سکتے ہیں بلکہ اپنی جلد کی ہیئت اور ٹیکسچر تک ماحول کے مطابق بدل سکتے ہیں۔ 🐙 نیچے موجود انسٹاگرام ویڈیو میں سمندر کے اس گرگٹ کو ایکشن میں دیکھیے ۔
ان کی یہ صلاحیت گرگٹ کے مقابلے میں کئی سو گنا زیادہ تیز ہے۔ یہ پلک جھپکنے میں رنگ اور شکل بدل سکتے ہیں جبکہ گرگٹ کو کئی سیکنڈ یا منٹ لگتے ہیں اپنا رنگ بدلنے میں!. یہ کوئی جادو نہیں بلکہ ان کی جلد میں موجود خاص خلیہ جات ہیں جنہیں “کرومیٹو فور"
کہا جاتا ہے۔ یہ خلیے چھوٹی تھیلیوں کی طرح ہیں جو رنگ (نیلا، لال اور پیلا) سے بھری ہوتی ہیں ۔ یہ ان تھیلیوں کو غبارے کی طرح دبا کر ظاہر ہونے والے رنگ کی مقدار کنٹرول کرتے ہیں اور مختلف پیٹرنز بناتے ہیں۔
ان کا دماغ باقی آبی حیات کے مقابلے میں کافی بڑا ہوتا ہے اور ان کے آٹھ بازوؤں میں نیورونز کا نیٹورک بچھا ہوتا ہے۔ یہ بازو بذات خود ردعمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ان کے بازوؤں میں سینسرز کا بھی ایک جال ہوتا یے۔ یہ اپنے بازو پہ موجود ‘سکرز’ کی مدد سے اپنے اردگرد موجود ہر چیز کو جانچتے ہیں اور یہاں تک کہ ان کے ذریعے ماحول کو چکھ بھی سکتے ہیں!.
آکٹوپس کے جسم میں کوئی ہڈی نہیں ہوتی ، اس لئے یہ کسی بھی چھوٹے سے چھوٹے سوراخ میں گھس کر اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں ۔ بچاؤ کی ایک اور صورت ان کا سیاہی پھینکنا ہے۔ خطرے کی صورت میں یہ ایک خاص سیاہی خارج کرتے ہیں جو حملہ آور کو وقتی طور پر اندھا بھی کر سکتی ہے۔
یہ تین دل ❤️ رکھتے ہیں۔ ان کے خون میں تانبا یعنی کاپر شامل ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان کے خون کا رنگ نیلا ہوتا ہے۔( ہمارے خون کا رنگ فولاد کی وجہ سے سرخ ہے۔ )
Be First to Comment