![]() |
1999 کا سورج گرہن (تصویر: وِکی کامنز) |
سورج گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے، جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آتا ہے۔ یوں تو چاند ہر مہینے زمین اور سورج کے درمیان آتا ہے لیکن اس کا مدار بیضوی اور زمین کے مقابل ذرا سا (تقریبا 5 ڈگری) تِرچھا ہونے کی وجہ سے، عام طور پہ، اس کا سایہ زمین پہ نہیں پڑتا۔ زمین اور چاند اپنی گردش کے دوران جب بھی ایک دوسرے کے برابر آتے ہیں، تب زمین سے سورج یا چاند گرہن نظر آتا ہے۔ ایک سال میں کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 5 بار سورج گرہن دیکھا جا سکتا ہے۔ مکمل سورج گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند سورج کو مکمل طور پہ چُھپا دیتا ہے۔ چاند، سورج کے مقابلے میں چار سو گنا چھوٹا ہے لیکن سورج، چاند کے مقابلے میں زمین سے تقریبا چار سو گنا زیادہ فاصلے پہ ہے۔ اسی تناسب کی وجہ سے زمین سے دونوں تقریباً ایک سائز کے دکھائی دیتے ہیں۔ چاند کے بیضوی مدار کے باعث، مکمل سورج گرہن کے وقت چاند زمین سے اور زیادہ قریب ہو جاتا ہے اور سورج سے زیادہ بڑا دکھائی دیتا ہے اور اسے مکمل چھپانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
![]() |
سورج گرہن (وکیپیڈیا) |
سورج کو روشن حالت میں براہ راست دیکھنا ناممکن ہے۔ اسی لئے لوگ گرہن کی حالت میں بے دریغ سورج کی طرف دیکھتے ہیں، جو کہ انسانی آنکھ کیلئے شدید نقصان دہ ہے اور مستقل اندھے پن تک کا باعث بن سکتا ہے۔ سورج کی روشنی، خواہ وہ تھوڑی ہی کیوں نہ ہو، براہ راست انسانی آنکھ کیلئے خطرناک ہے۔ اس عمل کیلئے خصوصی عینک یا آلات کا استعمال کرنا چاہیئے۔ اس کے ساتھ ساتھ سورج کی براہ راست روشنی موجودہ دور کے ڈیجیٹل کیمروں کے سینسر بھی ناکارہ کر سکتی ہے۔
21 اگست 2017 کو متحدہ ریاستہائے امریکہ میں مکمل سورج گرہن نظر آئے گا۔ مکمل سورج گرہن کی پٹی جسے Path of totality بھی کہا جاتا ہے، میں امریکہ کے ایک سِرے سے دوسرے سِرے تک کی تقریباً ۱۸ ریاستیں شامل ہیں۔ اس سے پہلے امریکہ میں اس طرح کا سورج گرہن جو ایک ساحل سے دوسرے ساحل تک دکھائی دیا تھا، وہ 1918 میں رونما ہوا تھا۔ 21 اگست کو صرف امریکی ریاستوں میں ہی مکمل سورج گرہن دیکھا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ کئی دوسرے ممالک میں جزوی گرہن رونما ہوگا۔
Be First to Comment